وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر اسپتال ملتان میں ایڈز پھیلنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے ایم ایس سمیت 6 ڈاکٹروں اور ہیڈ نرس کو معطل کر دیا اور سیکریٹری ہیلتھ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ اس واقعے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی ہے اور اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی کہ علاج کے لیے آنے والے مریض سرکاری اسپتال سے ایڈز لے کر جائیں۔اس واقعے کی تحقیقات کے لیے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی سمیت 10 ڈاکٹروں کو طلب کر لیا گیا ہے، جن پر نیفرالوجی وارڈ کے ریکارڈ میں ردوبدل اور ٹیمپرنگ کے الزامات ہیں۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اگر ٹیمپرنگ ثابت ہوئی تو تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔