مریم نواز کا میو اسپتال کا دورہ، مریضوں کی شکایات پر ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

مریم نواز کا میو اسپتال کا دورہ، مریضوں کی شکایات پر ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے میو اسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہیں مریضوں اور ان کے لواحقین سے اسپتال کے حالات پر شکایات موصول ہوئیں۔

مریضوں نے سرنج، برنولا اور دیگر ضروری اشیاء کی کمی کی شکایت کی، جبکہ کارڈیالوجی وارڈ میں کیڑے مکوڑوں کی موجودگی پر مریم نواز شدید برہم ہو گئیں۔انہوں نے اسپتال کے مختلف حصوں میں مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں بتایا کہ دوائیوں کے لیے انہیں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک بچی نے بتایا کہ وہ اپنی بیمار ماں کے علاج کے لیے رات بھر دوائیوں کے لیے بھاگتی رہی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اس صورتحال سے سخت ناراض ہوئیں اور دورے کے دوران ہی ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں اسپتال کی انتظامیہ کے بارے میں تفصیلی انکوائری کی ہدایت دی۔ مریم نواز نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا اور کہا کہ اسپتال کے حالات اس حد تک بدتر ہیں کہ مریضوں کو علاج کی بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں ہیں۔

انہوں نے اسپتال کی انتظامیہ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں مخلوق کی حالت بہت ابتر ہے اور کوئی بھی ذمہ دار شخص ان کے حالات کی نگرانی نہیں کر رہا۔ مریم نواز نے فوری طور پر ادویات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے اور 100 فیصد فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ، مریم نواز نے سندھ سے آئے ہوئے میاں بیوی کی شکایت سنی اور فوری طور پر اس کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔ گوجرانوالہ سے علاج کے لیے آنے والی خاتون کو تسلی دی اور گردے کے مرض میں مبتلا بچی کی ماں کی درخواست پر فوری طور پر ٹرانسپلانٹ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے میو اسپتال کی تعمیر و مرمت کے لیے جامع پلان بھی طلب کیا تاکہ اسپتال کی حالت میں بہتری لائی جا سکے اور مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔