سلینڈر دھماکہ: نشتر اسپتال میں 10 زخمی زیر علاج، 6 کی حالت نازک

سلینڈر دھماکہ: نشتر اسپتال میں 10 زخمی زیر علاج، 6 کی حالت نازک

بوریوالہ میں سلینڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نشتر اسپتال ملتان کے شعبہ ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان نے رات گئے شعبہ ایمرجنسی کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو بلا تعطل، مفت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق نشتر ایمرجنسی میں لائے گئے تمام زخمیوں کا فوری علاج شروع کر دیا گیا ہے، تاہم زخمیوں میں سے 6 افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔نشتر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے علاج کے لیے تمام ضروری طبی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم مریضوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔