نوجوانوں میںآگے بڑھنے کی لگن ہی قوموں کی ترقی کاسبب:رانا مشہود

اوپن یونی ورسٹی سے چلنے والا بچوں کی کردار سازی کا پر عزم کارواں پورے پاکستان کی آواز بنے گا
 اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی سے چلنے والا بچوں کی کردار سازی کا مربوط اور پر عزم کارواں پورے پاکستان کی آواز بنے گا۔ جمعہ کو علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی میں آرٹ آف پرنٹنگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی ان اقوام کا مقدر بنتی ہے جن کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن اور تڑپ ہوتی ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے بچوں کونیک، صالح اور کامیاب انسان بنانے کی اس کوشش پر رانا مشہود نے علامہ اقبال ا وپن یونی ورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو مبارکباد ددی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز میں انہیں وہ پاکستان نظر آرہا ہے جس کے لئے قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے جدوجہد کی، جس کا خواب علامہ محمد اقبالؒ نے دیکھا اورجس کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی تھیں۔وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی پارلیمانی سیکرٹری، وجیہہ اکرم نے بطور مہمان اعزاز تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی دولت سے نہیں، بچوں کو اچھا شہری بنانے سے ملتی ہے۔ وجیہہ اکرم نے کہا کہ قوم کی تعمیر کی اس جدوجہد میں وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دیگر پارٹنر آرگنائزیشنز کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔تقریب کے دوران علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی اورر نیشنل کانٹر ٹیرراازم اتھارٹی کے مابین ملک میں فروغ امن کے لئے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔معاہدے پر یونی ورسٹی کی جانب سے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجیداور نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد چوہان نے دستخط کیے۔