وزیر اعلی کا ضلع کرم کا دورہ، متاثرین کو دی جانے والی امداد ایک لاکھ 10 ہزار ر سے بڑھا کر دو لاکھ 30 ہزار روپے کر دی
جوبے گھر افراد دوسروں کے گھروں میں مقیم ہیں انہیں بھی امدادی پیکیج ملے گا ‘کسی متاثرہ خاندان کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا:وزیراعلی
پشاور(آئی این پی )وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع کرم کا دورہ کرتے ہوئے آپریشن کے متاثرین کے لئے امدادی پیکیج میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرین کو پہلے دی جانے والی امداد ایک لاکھ 10 ہزار روپے سے بڑھا کر دو لاکھ 30 ہزار روپے کر دی گئی ہے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔وزیر اعلی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا وہ بے گھر افراد جو میزبان گھروں میں مقیم ہیں، انھیں بھی امدادی پیکیج فراہم کیا جائے گا تاکہ کسی متاثرہ خاندان کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ انھوں نے قبائلی بے گھر افراد کے دوہرے پتے کے مسئلے کو حل کرنے کا بھی وعدہ کیا، جس کی وجہ سے کئی خاندان امداد سے محروم رہ جاتے تھے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام متاثرین کو ضلع خیبر کے متاثرین کے طرز پر امداد فراہم کی جائے گی تاکہ انصاف اور مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے زور دیا کہ ہمیں مہذب قوموں کی طرح باہمی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ترقی اور خوشحالی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔