پنجاب حکومت کا اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ، 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجرا ء کی منظوری

اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے اسے ضرورپورا کریں گے، نعروں اوردعوئوں پر یقین نہیں رکھتے:مریم نواز کی اجلاس میں گفتگو
پنجاب میں حالات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، میرٹ  کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی:نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے بات چیت

 لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجرا ء کی اصولی منظوری دے دی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔دوران اجلاس وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت 800 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، 50 ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر کردیا گیا ہے جبکہ 38 ہزار کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے‘وزیراعلی نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اور دیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی منظوری دی جبکہ پراجیکٹ پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے اسے ضرورپورا کریں گے، نعروں اوردعووں پر یقین نہیں رکھتے، اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا پنجاب میں حالات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، کرپشن ریڈ لائن، میرٹ معاملے پر کسی کی نہیں سنتی، حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا، ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں مگر وہ عدالتوں سے چھوٹ کر آجاتے ہیں۔ مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل کام ہے تاہم 38فیصد سے 7فیصد پر آنا بڑا کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔  امن و امان اولین ترجیح ہے