’’اپنی چھت اپنا گھر سکیم‘ ‘ ایک لاکھ 40 ہزار گھر تکمیل کے قریب ہیں عظمی بخاری

 پنجاب کا تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، وزیراعلی ایک ایک روپے کو عوام کی امانت سمجھتی ہیں، مریم نواز خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہیں
وزیراعلی نے بجٹ میں صرف عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے، جلا ئوگھیرئو ا یا احتجاج کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی :وزیر اطلاعات  کی پریس کانفرنس 

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت ایک لاکھ 40 ہزار گھر تکمیل کے قریب ہیں۔وزیرہاسنگ پنجاب بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مالی سال 26-2025 کا تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، وزیراعلی ایک ایک روپے کو عوام کی امانت سمجھتی ہیں، مریم نواز خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہیں، وزیراعلی کے نزدیک جزا اور سزا بہت اہمیت رکھتی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ایک سال کے دوران 40 ہزار گھر بنائے گئے، جن لوگوں نے 50 لاکھ گھر بنانے تھے وہ 50 گھر بھی نہیں بنا سکے، وزیراعلی مریم نواز نے بجٹ میں صرف عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے، جلا گھیرا یا احتجاج کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔عظمی بخاری نے یہ بھی بتایا کہ اہم محکموں کی فنڈنگ میں 3 سے 300 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے اور ہزاروں طلبہ کو لیپ ٹاپس فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے، وزیراعلی کی سیاست میں جوابدہی کا عنصر نمایاں ہے اور وہ عوام کے ہر پیسے کو امانت سمجھتی ہیں۔اس موقع پر وزیرہاسنگ پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ دیا گیا، نئے مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے عوام کیلئے خوشخبریاں ہیں، عام لوگوں کی زندگی کو آسان بنایا جا رہا ہے، اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا پروگرام کے تحت اب تک 350 لاکھ افراد نے پلاٹس کیلئے درخواستیں دے دی ہیں، وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مصروف ہے، شہر میں روٹی 14 روپے کی مل رہی ہے۔بلال یاسین بولے ماضی میں عوام کے ساتھ دھوکے کئے گئے، اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت 40 ہزار گھر بنانا قابل تحسین ہے، دسمبر تک ایک لاکھ سے زیادہ گھر بنائے جائیں گے، اس وقت 36 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ ہزاروں خاندان پہلے ہی اس سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، لاکھوں خاندانوں کو 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنا گھر بنا سکیں۔