اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ، ایک لاکھ 1633 بے گھر خاندانوں کو چھت مل گئی

ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض جاری کیا گیا: بلال یاسین
لاہور (آئی این پی)  پنجاب میں ایک لاکھ 1633بے گھرخاندانوں کو چھت مل گئی۔وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیرصدارت اجلاس میں قرضوں  کی تقسیم، گھروں کی تعمیر اور زیر التوا درخواستوں سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت اب تک 208 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں،اسی طرح ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض جاری کیا گیا۔اجلاس کو آگاہ کیاگیاکہ اس وقت 32 ہزار 412 گھر زیرتعمیر ہیں،جبکہ مزید 7 ہزار 792 خاندانوں کو جلد بلاسود قرضوں کی ادائیگی کی جائے گی۔ وزیرہائوسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ پروگرام کو شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں مزید وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں،آئندہ مالی سال میں مزید ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔