لاہور میں بدفعلی، زناء بالجبر اور اجتماعی زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ رواں سال شہر کے مختلف تھانوں میں سینکڑوں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال اب تک لاہور کے مختلف علاقوں میں بدفعلی کے 207 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ زناء بالجبر کے 184 اور اجتماعی زیادتی کے 14 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق بدفعلی کے مقدمات میں صدر ڈویژن 49 کیسز کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ کینٹ ڈویژن میں 48 اور سٹی ڈویژن میں 36 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 32، ماڈل ٹاؤن میں 30 اور سول لائنز ڈویژن میں 12 واقعات رپورٹ ہوئے۔زناء بالجبر کے مقدمات میں بھی صدر ڈویژن سب سے آگے رہا جہاں 58 کیسز درج ہوئے، جبکہ کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 32، 32 مقدمات رپورٹ کیے گئے۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 24، سول لائنز میں 20 اور سٹی ڈویژن میں 18 مقدمات درج کیے گئے۔
اجتماعی زیادتی کے واقعات میں کینٹ ڈویژن 6 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 4، صدر ڈویژن میں 3 اور اقبال ٹاؤن میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔شہری و سماجی حلقوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔