لاہور میں جنسی جرائم کے تشویشناک اعداد و شمار، بدفعلی اور زیادتی کے سینکڑوں مقدمات درج

لاہور میں جنسی جرائم کے تشویشناک اعداد و شمار، بدفعلی اور زیادتی کے سینکڑوں مقدمات درج

رواں سال لاہور میں جنسی جرائم سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار نے شہری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جہاں مختلف نوعیت کے واقعات میں بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر بدفعلی کے 294 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ کیسز کینٹ ڈویژن میں رپورٹ ہوئے، جہاں 72 مقدمات سامنے آئے۔ اس کے بعد صدر ڈویژن میں 64، سٹی ڈویژن میں 48، جبکہ اقبال ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 46، 46 مقدمات درج کیے گئے۔ سول لائنز ڈویژن میں 18 مقدمات رپورٹ ہوئے۔زنا بالجبر کے کیسز کی تعداد 249 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس میں صدر ڈویژن 69 مقدمات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ ماڈل ٹاؤن میں 49، اقبال ٹاؤن میں 42، کینٹ ڈویژن میں 39، سٹی ڈویژن میں 26 اور سول لائنز ڈویژن میں 24 مقدمات درج ہوئے۔اسی طرح اجتماعی زیادتی کے 19 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں کینٹ ڈویژن 7 مقدمات کے ساتھ سب سے آگے رہا۔ ماڈل ٹاؤن میں 6، صدر ڈویژن میں 4 جبکہ اقبال ٹاؤن اور سول لائنز ڈویژن میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ اعداد و شمار مختلف تھانوں میں درج ایف آئی آرز پر مبنی ہیں اور ان کیسز کی تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم کی روک تھام، بروقت کارروائی اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔شہری اور سماجی حلقوں نے ان اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اور فوری اقدامات کریں تاکہ معاشرے میں تحفظ کا احساس بہتر بنایا جا سکے۔