لاہور میں خواتین اور بچوں سے زیادتی، اجتماعی زیادتی اور اغوا جیسے سنگین جرائم کے مقدمات کے اندراج اور بعد ازاں اخراج سے متعلق پولیس ریکارڈ میں اہم اعدادوشمار سامنے آگئے۔
پولیس کے مطابق رواں سال جنوری سے اکتوبر تک درج ہونے والے متعدد مقدمات تفتیش اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں خارج کیے گئے، جبکہ بعض مقدمات میں الزامات ثابت نہیں ہوسکے۔پولیس اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں اغوا کے درج مقدمات میں سے 82 فیصد مقدمات تفتیش کے بعد منسوخ کیے گئے۔ اسی طرح خواتین سے زیادتی کے درج مقدمات میں سے 42 فیصد خارج ہوئے۔ریکارڈ کے مطابق اجتماعی زیادتی (گینگ ریپ) کے درج مقدمات میں سے 34 فیصد جبکہ بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں سے 33 فیصد مقدمات بھی تفتیش مکمل ہونے کے بعد خارج کیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق مقدمات کے اخراج کی وجوہات میں فرانزک رپورٹس اور تفتیش کے دوران الزامات کی تصدیق نہ ہونا شامل ہے۔ بعض مقدمات میں دستیاب شواہد الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ناکافی قرار پائے، جس کے بعد قانونی طریقہ کار کے تحت انہیں خارج کیا گیا۔
مقدمات کا اخراج کئی سوالات کو جنم دینے لگا
اعدادوشمار کے مطابق اغوا، زیادتی اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم جیسے حساس معاملات میں مقدمات کے اندراج کے بعد بڑی تعداد میں ان کے خارج ہونے کا معاملہ توجہ طلب ہے۔ اس سے ایک طرف تفتیشی عمل، شواہد جمع کرنے اور فرانزک رپورٹس کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے، تو دوسری جانب سنگین الزامات کے اندراج اور ان کی قانونی جانچ کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔تاہم کسی مقدمے کا خارج ہونا لازمی طور پر اس بات کا ثبوت نہیں کہ شکایت دانستہ طور پر جھوٹی درج کرائی گئی تھی۔ مقدمات مختلف وجوہات، ناکافی شواہد یا تفتیش میں الزامات کی تصدیق نہ ہونے کے باعث بھی خارج ہوسکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ایسے حساس مقدمات میں غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں تاکہ حقیقی متاثرین کو انصاف مل سکے، بے گناہ افراد کو غیرضروری قانونی مشکلات سے بچایا جاسکے اور جھوٹے الزامات کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی ممکن ہو۔