وزیرِ اعظم شہباز شریف چین کے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
شیاؤ شین ایئرپورٹ ہانگژو پہنچنے پر ژجیانگ صوبے کے نائب گورنر شو وینگوانگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں پاک چین تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ دورے کے دوران وہ عالمی شہرت یافتہ چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کریں گے اور تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی تقریب میں شریک ہوں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیش رفت اور آئی ٹی، تجارت، صنعت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں اشتراک بڑھانا ہے۔