بھارت: کم عمر لڑکی کے ساتھ تعلق کے شبے میں بیڈمنٹن کھلاڑی کے قتل کا انکشاف

بھارت: کم عمر لڑکی کے ساتھ تعلق کے شبے میں بیڈمنٹن کھلاڑی کے قتل کا انکشاف

بھارتی دارالحکومت دہلی کے قریب فرید آباد میں 21 سالہ ریاستی سطح کے بیڈمنٹن کھلاڑی مونو کے مبینہ قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے کھیلوں اور سماجی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مونو راجستھان کا رہائشی تھا اور حال ہی میں اس نے 12ویں جماعت کے امتحانات دیے تھے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی تھا اور ضلعی سطح پر متعدد تمغے بھی حاصل کر چکا تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مونو کا رواں سال اپریل میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ گھر سے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد لڑکی کے والد نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ بعد ازاں لڑکی کو بازیاب کر لیا گیا جبکہ مونو لاپتہ رہا۔مقتول کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مونو 17 مئی کو پولیس تفتیش کے لیے گیا تھا، جہاں سے مبینہ طور پر لڑکی کے اہلِ خانہ نے اسے اغوا کر لیا اور تین دن تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق 20 مئی کو مونو کو شدید زخمی حالت میں لڑکی کے گھر کے باہر سے پایا گیا، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج اس کی موت واقع ہو گئی۔پولیس نے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اب تک دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔