بھارت کی مارشل آرٹس کھلاڑی اور کوچ روہنی کلم کا انتقال، ممکنہ خودکشی کا انکشاف

بھارت کی مارشل آرٹس کھلاڑی اور کوچ روہنی کلم کا انتقال، ممکنہ خودکشی کا انکشاف

بھارت کی بین الاقوامی مارشل آرٹس کھلاڑی اور کوچ روہنی کلم کی لاش ان کے گهر میں مردہ پائی گئی ہے، جس سے ان کی موت خودکشی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

 35 سالہ روہنی نے بھارت کی نمائندگی ایشیائی کھیلوں میں کی تھی اور کومدھیہ پردیش کے شہر دیواس میں واقع اپنے گھر میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ واقعہ خودکشی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ روہنی کی چھوٹی بہن روشنی کلم نے سب سے پہلے اپنی بہن کی لاش دیکھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ارجن نگر، رادھا گنج میں واقع گھر میں داخل ہوئیں تو روہنی کو کمرے میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایا۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا۔روشنی کے مطابق، روہنی پچھلے کچھ عرصے سے نوکری کے دباؤ کا شکار تھیں۔ وہ ایک نجی سکول میں مارشل آرٹس کوچ کے طور پر کام کرتی تھیں اور حال ہی میں دیواس واپس آئی تھیں۔ ان کے مطابق، روہنی سکول کے عملے سے پریشان تھیں، خاص طور پر پرنسپل کے رویے نے انہیں بہت تنگ کر رکھا تھا۔

روہنی نے 2007 میں مارشل آرٹس کا سفر شروع کیا اور 2015 میں پیشہ ورانہ جو جِتسو مارشل آرٹس کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 19ویں ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی نمائندگی کی اور ورلڈ گیمز برمنگھم میں شرکت کرنے والی واحد بھارتی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے تمغوں میں تھائی لینڈ اوپن گراں پری 2022 میں 48 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی اور 8ویں ایشیائی جو جِتسو چیمپئن شپ 2024 ابوظہبی میں ڈیوو کلاسک ایونٹ میں ایک اور کانسی کا تمغہ شامل ہے۔