آٹے اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ، سرکاری نرخنامہ نہ ہونے پر شہری مہنگائی سے پریشان

آٹے اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ، سرکاری نرخنامہ نہ ہونے پر شہری مہنگائی سے پریشان

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آٹے کا سرکاری نرخنامہ جاری نہ کیے جانے کے باعث شہر میں آٹے اور دہی سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں دکانداروں کی جانب سے من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جبکہ سرکاری سطح پر واضح نرخ مقرر نہ ہونے کے باعث قیمتوں پر کنٹرول بھی کمزور ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھ کر 1100 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دہی کی قیمت بھی سرکاری نرخنامے میں واضح نہ ہونے کے باعث 260 سے 270 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نرخوں کے تعین اور نگرانی نہ ہونے کے باعث دکاندار اپنی مرضی سے قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آٹے اور دہی سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کے سرکاری نرخ مقرر کیے جائیں اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔