شہر میں دودھ اور دہی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، حالانکہ حکومت نے اس کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر کر رکھی ہے۔ اسی طرح دہی 240 سے 260 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث مہنگائی سے پہلے ہی متاثرہ عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔