گاڑیوں کی چھتوں اور اندر مقررہ تعداد سے زائد سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی : سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے عیدالضحیٰ کے پیش نظر اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے بادامی باغ بس اڈے کا دورہ کیاسی ٹی او لاہور نے پردیسی مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا اور زائد کرایہ وصول کرنے والی متعدد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 گاڑیوں پر مقدمات درج کروا دیے۔دورے کے دوران سید عبدالرحیم شیرازی نے خود گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس، نرخ نامے اور روٹ پرمٹ چیک کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کو مقررہ کرایے سے زائد وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی چھتوں اور اندر مقررہ تعداد سے زائد سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی جبکہ بغیر لائسنس اور چھت پر مسافر بٹھانے پر صرف چالان نہیں بلکہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔سی ٹی او لاہور نے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر اوورلوڈنگ، اوورچارجنگ اور غیرقانونی اڈے قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف PSV لائسنس ہولڈرز کو ہی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہوگی۔ٹریفک پولیس کے مطابق لاری اڈا، بابوصابو، نیازی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک اور بیگم کوٹ چوک سمیت 10 مختلف مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو اوورلوڈنگ اور اوورچارجنگ کے خلاف کارروائیاں کریں گی۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ زائد کرایہ وصولی یا اوورلوڈنگ کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔