محکمہ سول ڈیفنس کی اوکاڑہ شیرگڑھ حجرہ شاہ مقیم بصیر پورحویلی لکھا میں کارروائی
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)ضلعی انتظامیہ کا ایل پی جی کی اوور چارجنگ اور ناجائز منافع خوری کیخلاف کریک ڈا ئون جاری ،سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 25 دکانیں سیل ، 11 مقدمات درج اور 20 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اوکاڑہ میں 7، شیرگڑھ میں 2، حجرہ شاہ مقیم میں 3، بصیر پور میں 5 اور حویلی لکھا میں 8 دکانیں سرکاری نرخوں سے زائد وصولی پر سیل کی گئیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیمیں ضلع بھر میں فیلڈ چیکنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے خبردار کیا ہے کہ ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرکے عوام کا استحصال کرنیوالے دکانداروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ضلع بھر میں اوور چارجنگ کے خاتمے تک کریک ڈا ئون جاری رہے گا۔