چنگ چی ،لوڈر رکشہ ڈرائیورز کو ہیلمٹ پہننے کاحکم

 کل سے چالان شروع ،نائٹ شفٹ میں بھی سٹاف تعینات ،بغیر ہیلمٹ لوڈر رکشہ اور چنگ چی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی:سی ٹی او لاہور 
لاہور(کرائم رپورٹر ) چنگ چی اور لوڈر رکشہ چلانے والے ہو جائیں تیار،اب موٹرسائیکل رکشہ یا لوڈر رکشہ چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہننا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق بغیر ہیلمٹ لوڈر رکشہ اور چنگ چی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او اطہر وحید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سڑک پر آنے والے ہر ڈرائیور اور ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کمرشل وہیکلز بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ لاہور میں سفر نہیں کر سکیں گی،14 انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر نائٹ شفٹ میں بھی سٹاف تعینات کر دیا گیا۔ڈویڑنل ایس پیز کی نگرانی میں سرکل آفیسر، انچارج سیکٹر ٹریفک سٹاف کے ہمراہ خصوصی طور پر انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر موجود ہوں گے، لاہور میں ٹریفک کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ٹریفک پولیس رکشہ ڈرائیورز کے ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کرے گی۔ٹریفک پولیس ایک روز تک رکشہ ڈرائیورز کو آگاہی دے گی۔سی ٹی او کے مطابق پیر سے باقاعدہ ہیلمٹ نہ پہننے والے رکشہ ڈرائیور زکا چالان ہو گا ،رکشہ ڈرائیورز کومفت ہیلمٹ تقسیم کرنے کا عمل جلد شروع ہوگا۔احکامات ڈرائیورز کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔