لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرِ انتظام شہر کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھرم پورہ، اسلام پورہ، شالامار ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت متعدد علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 5 گھنٹے بجلی کی بندش رپورٹ ہو رہی ہے۔ جبکہ ہائی لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔شدید گرمی کے دوران بار بار بجلی کی بندش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق رات کے اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث نہ صرف آرام میں خلل پڑتا ہے بلکہ گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔علاقہ مکینوں نے لیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کی جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔