لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کی طلب و رسد میں فرق کے باعث مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث لیسکو کا کوٹہ کم کر دیا گیا ہے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کمپنی کے 200 سے زائد 11 کے وی فیڈرز کو غیر اعلانیہ طور پر بند کر دیا گیا ہے۔لیسکو کو تقریباً 400 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق لیسکو کے سسٹم پر بجلی کی طلب 2800 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) سے بجلی کی فراہمی 2380 میگاواٹ ہو رہی ہے، جس کے باعث طلب اور رسد میں واضح فرق پیدا ہو گیا ہے۔