سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام حالیہ دہائیوں کی اہم پیش رفت ہے، ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے
پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے: بنگلہ دیشی سول سروس افسروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے پا کستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام حالیہ دہائیوں کی اہم پیش رفت ہے، دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت خوش آئند ہے، ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گورننس، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وفد کو پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام حالیہ دہائیوں کی اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت خوش آئند ہے، ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے