پاکستان سوڈان کیساتھ دوطرفہ تعلقات ‘ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں:وزیراعظم

ریلیف نہ دینے پر پٹرول  پمپوں کے لائسنس منسوخ مستحقین کیلئے  شفاف سبسڈی سکیم گیم چینجر ثابت ہوگی:شہبازشریف
پاکستان سوڈان کے ساتھ  دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، چاہتے ہیں  سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے:سوڈان کے وزیرداخلہ سے ملاقات میں گفتگو
 ایس ایم ایز کو طویل مدتی ترقیاتی قرضوں کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے عائد 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری ادارے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں
پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے،صوبوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا:اجلاسوں سے خطاب
 اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ  ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس  منعقدہوا جس میں پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستحق شہریوں کیلئے  ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لئے  ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔انہوں نے سکیم کے حوالے سے مانیٹرنگ اور کارگر ڈیش بورڈ ترتیب دینے پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ضرار حاشم خان اور ان کی ٹیم کی پذیرائی کی۔وزیراعظم نے پٹرولیم سبسڈی سکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی‘دریں  اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، چاہتے ہیں کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور برآمد کنندگان کے لیے متعارف کرائی گئی رعایتی مالیاتی اسکیم پر عمل درآمد سے کسی بھی بینک کو انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایس ایم ایز کو طویل مدتی ترقیاتی قرضوں کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے عائد 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری ادارے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایم ایز کو درپیش مسائل، مالیاتی سہولیات، برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  انسداد پولیو پر جائزہ اجلاس ہوا‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا  پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم ہمارا عزم اور حوصلہ اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، صوبوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی مشاورت اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔