وسیم اکرم کی لاہور قلندرز پر شدید تنقید: "یہ تو کلب کرکٹ کا معیار بھی نہیں!"

وسیم اکرم کی لاہور قلندرز پر شدید تنقید:

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ایلیمنیٹر میچ میں کراچی کنگز کے خلاف لاہور قلندرز کی خراب فیلڈنگ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کو بھی ناراض کر دیا۔

لائیو کمنٹری کے دوران وسیم اکرم نے لاہور قلندرز کی فیلڈنگ خصوصاً حارث رؤف اور محمد نعیم کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کے دو آسان کیچ چھوڑنے پر سخت مایوسی اور غصے کا اظہار کیا۔ وسیم اکرم نے تنقیدی انداز میں کہا:"یہ کیا ہو رہا ہے؟ یہ قابل قبول نہیں! یہ تو کلب کرکٹ کا معیار بھی نہیں ہے۔ فیلڈرز انتہائی سست نظر آ رہے ہیں۔"
انہوں نے فیلڈرز کی کارکردگی کو ٹیم کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ ایسی فیلڈنگ سے کسی بڑی ٹیم کا حصہ بننے کا خواب نہیں دیکھا جا سکتا۔تاہم، خراب فیلڈنگ کے باوجود لاہور قلندرز نے میچ میں شاندار واپسی کی۔ ٹیم نے بہتر بولنگ کارکردگی اور عبداللّٰہ شفیق کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت روایتی حریف کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

میچ کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی لاہور قلندرز کی فیلڈنگ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ وسیم اکرم کے تبصرے کو کئی کرکٹ ماہرین اور مداحوں نے درست قرار دیا۔یہ جیت لاہور قلندرز کے لیے اہم ہے، تاہم اگر ٹیم کو پی ایس ایل کے اگلے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو فیلڈنگ میں واضح بہتری لانا ناگزیر ہے۔