قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز سے پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کی غیر متوقع واپسی اور کمٹمنٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، جسے انہوں نے پیسے سے منسلک کیا ہے۔
پاکستانی نژاد سکندر رضا کی پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی ٹیم میں اچانک شمولیت اور فائنل جیتنے والا وِننگ شاٹ کھیلنے کی وجہ سے ان کی دنیا بھر میں بہت تعریف ہو رہی ہے۔ لیکن سابق کرکٹر اور تجزیہ کار عماد وسیم نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا کہ:"جیسا کہ شعیب اختر نے کہا، پیسہ آپ کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے، میرا بھی سکندر رضا کی کمٹمنٹ پر یہی ردعمل ہے۔"عماد وسیم نے مزید کہا کہ وہ خود بھی بین الاقوامی کرکٹ کی مصروف زندگی میں کئی بار سفر کرتے رہے ہیں، کبھی کبھار ایک میچ ختم ہونے کے بعد اگلے دن دوسرے ملک میں کھیلنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ:"میں نے 24 گھنٹے تک سفر کیا اور براہ راست میچ میں گیا ہوں، پیسہ آپ سے کئی کام کرا سکتا ہے۔"تاہم عماد وسیم نے سکندر رضا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین کھلاڑی ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے عالمی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکندر رضا نے اپنی ٹیم کے لیے آئی ایل ٹی 20 کا فائنل بھی جیتا ہے اور وہ ایک شاندار انسان اور ٹیم کے اچھے کھلاڑی ہیں۔یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے لیے کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے فائنل میں سکندر رضا ٹیم میں ٹاس سے محض چند منٹ پہلے شامل ہوئے تھے، کیونکہ وہ انگلینڈ میں زمبابوے کی نمائندگی کے لیے ناٹنگھم میں تھے اور لاہور قلندرز سے چھٹی لے رکھی تھی۔ ان کی فائنل میں شرکت اس لیے غیر یقینی تھی، لیکن انہوں نے آخری لمحات میں ٹیم میں واپسی کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔