سینڈ پیپر تنازع پھر زیرِ بحث، وسیم اکرم اور محمد حفیظ نے پیٹ کمنز کے بیان پر تنقید کردی

سینڈ پیپر تنازع پھر زیرِ بحث، وسیم اکرم اور محمد حفیظ نے پیٹ کمنز کے بیان پر تنقید کردی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بال ٹیمپرنگ کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے بیان پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔

وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی ویڈیو میں کہا کہ کسی بھی تجربہ کار فاسٹ بولر کے لیے گیند کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہوتا کہ اسے قدرتی طور پر کھردرا کیا گیا ہے یا سینڈ پیپر کے ذریعے اس کی سطح کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عام حالات میں کرکٹ کی گیند پر کھیل کے دوران پڑنے والے قدرتی نشانات اور سینڈ پیپر سے لگائی جانے والی خراشوں میں واضح فرق ہوتا ہے۔ ایک تجربہ کار بولر گیند کی حالت کا جائزہ لے کر اس فرق کو پہچان سکتا ہے۔سابق پاکستانی کپتان نے کرکٹ شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ نئی گیند اور سینڈ پیپر کی مدد سے خود بھی اس فرق کا مشاہدہ کر سکتے ہیں، تاکہ قدرتی طور پر کھردری ہونے والی گیند اور مصنوعی طریقے سے نقصان پہنچائی گئی گیند کے درمیان فرق سمجھ سکیں۔

وسیم اکرم نے واضح کیا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کھلاڑی یا ٹیم کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں ہے۔ ان کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ کی پہچان دیانت داری اور میدان میں سخت مقابلہ ہے، اس لیے کھیل کی ساکھ اور اس کے اصولوں کو برقرار رکھنا اہم ہے۔دوسری جانب پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بھی سینڈ پیپر تنازع کے حوالے سے پیٹ کمنز کے مؤقف پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کمنز کے بیان کو بے معنی قرار دیا۔