خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ورلڈ بینک کے وفد کے ہمراہ نظر محمد لغاری گوٹھ کا دورہ کیا جہاں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر شدہ گھروں کا معائنہ کیا گیا۔
ورلڈ بینک کے مینیجنگ ڈائریکٹر اینا بیجئرڈ اور کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔آصفہ بھٹو اور ورلڈ بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے متاثرہ خواتین میں گھروں کی ملکیت کی اسناد تقسیم کیں اور متاثرہ خواتین کا دستکاری کا کام بھی دیکھا۔ آصفہ بھٹو نے بتایا کہ نظر محمد لغاری گوٹھ میں سیلاب سے تباہ شدہ 32 گھروں کی تعمیر نو کی گئی ہے، جو خواتین کو مالکانہ حقوق دینے والا پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ سندھ حکومت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں سندھ میں 21 لاکھ مکانات تباہ ہوئے، اور ورلڈ بینک کی 500 ملین ڈالرز کی ابتدائی امداد سے گھروں کی بروقت تعمیر ممکن ہوئی۔
ورلڈ بینک نے امداد میں مزید 450 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا ہے جو 7 لاکھ 78 ہزار گھروں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔ ان میں سے 54.92 ملین ڈالرز پانی، صفائی اور صحت عامہ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ورلڈ بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے سندھ حکومت کی قیادت اور وژن کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔