مودی کی نئی اشتعال انگیزی؛ پاکستان نے بھارت کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کر دیا

مودی کی نئی اشتعال انگیزی؛ پاکستان نے بھارت کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات پر پاکستان نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی قیادت کے بیانات کو خطے میں امن کے لیے سنجیدہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے الزامات محض پروپیگنڈا ہیں جو کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے لیکن دفاع اس کا آئینی اور بین الاقوامی حق ہے۔اگر سرحد پار سے کوئی جارحیت کی گئی تو پاکستان پوری طاقت سے ردعمل دے گا۔ ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ نئی دہلی کی جنگی زبان اور خطرناک عزائم پر فوری توجہ دے، کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مودی نے راجستھان میں انتخابی جلسے میں پاکستان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات عائد کیے اور پانی بند کرنے کی دھمکی دی، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پاکستانی سفارتی عملے پر پابندیاں عائد کیں اور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر کے ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔