بھارت کی اشتعال انگیزی سے امن کو خطرہ، عالمی برادری نوٹس لے: عاصم افتخار

بھارت کی اشتعال انگیزی سے امن کو خطرہ، عالمی برادری نوٹس لے: عاصم افتخار

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بھارت کے خطے میں جارحانہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کی اشتعال انگیزی جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

عاصم افتخار نے یہ بات اقوام متحدہ میں او آئی سی گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اور سیاسی بنیادوں پر مشتمل رویہ نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج پیدا کر رہا ہے۔پاکستانی مندوب نے عالمی برادری خصوصاً او آئی سی ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ پالیسیاں اور اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔

او آئی سی گروپ نے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے بھارت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی ہوگی۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر بھارتی اقدامات کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔