بابِ خیبر پر یومِ پاکستان کی تقریب ایک شاندار اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں عسکری و سول حکام کے علاوہ قبائلی مشران اور مقامی عوام نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا مقصد یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت اجاگر کرنا اور نئی نسل کو ملکی تاریخ اور قربانیوں سے آگاہ کرنا تھا۔تقریب میں فوجی افسران، پولیس اہلکار اور دیگر سرکاری حکام شریک مقررین کے طور پر موجود تھے، جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت اور قومی سلامتی کے لیے عوامی و عسکری یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔قبائلی عوام نے بھی ملکی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر بابِ خیبر سے جمرود بازار تک ایک پیدل مارچ نکالا گیا، جس میں شرکا نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور ملی نغموں کے ساتھ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یومِ پاکستان کی تقریبات نہ صرف تاریخی شعور بیدار کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ نئی نسل کو قومی جذبے اور قربانی کے جذبے سے روشناس کرانے کا بھی اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔اس تقریب نے قبائلی علاقے میں پاکستان کے تاریخی اور قومی وقار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں اتحاد اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دیا۔