صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر وزیر توانائی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری ارشد حسین اور وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان کی قیادت میں میرپور میں ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ ریلی نکالی گئی۔
اس عظیم الشان ریلی کا آغاز قائد اعظم اسٹیڈیم میرپور سے ہوا اور یہ چوک شہیداں میرپور تک گئی۔ریلی میں میرپور کی تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور پاکستان کی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ریلی سے وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین، وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان، چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان خالد اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر اور پاکستان کی شہری آبادی پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس حملے کا منہ توڑ جواب دینے پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے میدانِ جنگ میں لڑے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے۔ریلی میں شریک افراد نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور دفاعِ وطن کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔