یوم تکبیر پر مریم نواز کا خراجِ تحسین: "شکریہ نواز شریف، پاکستان زندہ باد"

یوم تکبیر پر مریم نواز کا خراجِ تحسین:

یوم تکبیر کے موقع پر جاری کی گئی خبروں کے مطابق، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں کامیاب ایٹمی تجربات کر کے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

 اس تاریخی دن کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے والد نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نواز شریف کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:"پاکستان کی جو خدمت اللہ تعالیٰ نے آپ کے مقدر میں لکھی ہے، وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔ قوم کو یومِ تکبیر مبارک! شکریہ نواز شریف! پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔"یوم تکبیر ہر سال قومی خودمختاری، دفاعی صلاحیت اور قربانیوں کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے بھی پیغامات جاری کیے جاتے ہیں، جن میں ملکی دفاع کو مضبوط رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔