اسلام آباد ( آن لائن ) نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور مسجد نبوی میں حاضری دے کر نماز ادا کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ 12 وزرائے خارجہ کے مشاورتی وزارتی اجلاس میں شرکت اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف دوطرفہ اور چہار فریقی ملاقاتوں کے بعد میں گزشتہ شب مغرب سے قبل مدینہ منورہ پہنچا۔انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ پہنچنے پر جبلِ احد پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں روضہ رسول پر سلام پیش کیا۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے امن و خوشحالی، قوم کی مسلسل ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان قوت، اتحاد اور استقامت کیلئے بھی دعا کی اور ان مشکل حالات میں عالمی برادری کے درمیان دانشمندی اور تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ دیرپا امن اور مشترکہ خوشحالی نصیب ہو۔