ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ان کے طیارے کی پاکستان آمد پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا خیر مقدم کیا۔استقبالی تقریب میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ایرانی صدر کو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی دی، جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں پھول پیش کیے۔صدر پزشکیان کے ہمراہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی پاکستان پہنچے۔ اس سے قبل عباس عراقچی اسلام آباد پہنچے تھے جہاں اسحاق ڈار، محسن نقوی اور بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا تھا۔دورے سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ نے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہونے والے اس دورے کا مقصد پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں کو سراہنا بتایا جا رہا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، نائب وزیرِ اعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔یہ مسعود پزشکیان کا بطور صدرِ ایران پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ ملاقاتوں میں تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، عوامی روابط، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔