ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان پہنچیں گے، اعلیٰ سطحی ملاقاتیں متوقع

ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان پہنچیں گے، اعلیٰ سطحی ملاقاتیں متوقع

مسعود پزشکیان  آج (23 جون) پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ دورے کے دوران صدر پزشکیان پاکستان کی سیاسی و پارلیمانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور زیرِ بحث آئیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک باہمی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں نئی شراکت داریوں پر بھی غور کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور سابقہ سفارتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کے ساتھ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔واضح رہے کہ صدر مسعود پزشکیان بطور صدر ایران دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جسے دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔