ایرانی صدر مسعود پزشکیان تہران سے پاکستان کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔دفترِ خارجہ کے مطابق یہ مسعود پزشکیان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جس میں پاک ایران تعلقات، تجارت، توانائی تعاون، سرحدی سیکیورٹی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔