انطالیہ: ایرانی صدر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے، جہاں وہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے نتیجے میں ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق مسعود پزشکیان بدھ کو ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے۔ وہ کوپ 31 میں شرکت کے علاوہ کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
علاقائی صورت حال اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو متوقع
ارنا کے مطابق ایرانی صدر کی ان ملاقاتوں میں علاقائی صورت حال، باہمی تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ان کی شرکت کو ایران کے لیے عالمی سطح پر اپنے مؤقف اور خطے کو درپیش مسائل اجاگر کرنے کا موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ماحولیاتی نقصان کا معاملہ
تہران سے روانگی سے قبل مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ کانفرنس کے دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ماحول کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں پر گفتگو کی جائے گی۔ایرانی صدر کے مطابق ان کا ملک اس عالمی فورم کو ماحولیاتی نقصانات اور خطے کو درپیش مسائل کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے استعمال کرے گا۔