فیفا ورلڈکپ میں مصری کھلاڑیوں کی قرآن پاک کی تلاوت اور اجتماعی دعا کی ویڈیو وائرل

فیفا ورلڈکپ میں مصری کھلاڑیوں کی قرآن پاک کی تلاوت اور اجتماعی دعا کی ویڈیو وائرل

فیفا ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہیں، جہاں کھیل کے ساتھ ساتھ بعض جذباتی اور روحانی مناظر بھی شائقین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

پہلی مرتبہ 48 ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈکپ میں نہ صرف مختلف غیر مسلم ممالک کی ٹیموں میں مسلمان کھلاڑی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ 14 مسلم ممالک کی ٹیمیں بھی ایونٹ میں شریک ہیں، جس سے ٹورنامنٹ کو ایک منفرد رنگ ملا ہے۔چند روز قبل لامین یمل کی سعودی عرب کے خلاف گول کرنے کے بعد سجدہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جسے دنیا بھر کے شائقین نے خوب سراہا۔اب مصر کی قومی فٹ بال ٹیم کی ایک ایمان افروز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ویڈیو میں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ سے قبل قرآن پاک کی تلاوت کرتے اور اجتماعی دعا مانگتے دکھائی دے رہے ہیں۔

مناظر میں ٹیم کے ارکان نہایت عقیدت، خشوع اور یکسوئی کے ساتھ تلاوتِ قرآن اور دعا میں مصروف نظر آتے ہیں۔ شائقین نے اس عمل کو کھیل اور روحانیت کے خوبصورت امتزاج کی مثال قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے مصری کھلاڑیوں کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ میدان میں اترنے سے پہلے اللہ تعالیٰ پر بھروسہ اور دعا کرنا ایک مثبت پیغام ہے، جو دنیا بھر کے مداحوں کے دل جیت رہا ہے۔