یوئیفا نیشنز کپ کے فائنل میں اسپین کے خلاف سنسنی خیز پینالٹی شوٹ آؤٹ کے دوران پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار کارکردگی دکھانے کے ساتھ ایک جذباتی لمحہ بھی تخلیق کیا، جب انہیں مسلمانوں کی طرح دعا مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور دنیا بھر کے صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اتوار کے روز ہونے والے اس مقابلے میں پرتگال اور اسپین کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جو مقررہ وقت تک برابر رہا۔ بعدازاں، پینالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگال نے 3 کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی حاصل کی، جس میں رونالڈو نے اپنا 138واں بین الاقوامی گول اسکور کیا۔پینالٹی ککس سے قبل رونالڈو کو میدان میں کھڑے ہو کر دونوں ہاتھ دعا کے لیے اٹھاتے ہوئے کیمرے نے قید کر لیا۔ اس انداز کو سوشل میڈیا صارفین نے "مسلمانوں کی طرح دعا مانگنا" قرار دیا۔
کچھ صارفین نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین المذاہب احترام کی علامت کہا، جبکہ کئی مسلم صارفین نے اسے رونالڈو کے "اسلام سے متاثر ہونے" کی قیاس آرائی سے بھی جوڑا۔واضح رہے کہ اس شاندار فتح کے ساتھ پرتگال نے یوئیفا نیشنز کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کر لیا ہے، جبکہ اسپین دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود ٹرافی کا دفاع نہ کر سکا۔رونالڈو کی اس دعا کی ویڈیو کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں اور تبصروں میں اسے جذباتی، بامعنی اور قابلِ احترام لمحہ قرار دے رہے ہیں۔