فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال نے اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ ایک جذباتی لمحے سے بھی شائقین کے دل جیت لیے۔
سعودی عرب کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ میں اسپین نے 0-4 سے کامیابی حاصل کی، جس میں لامین یامال نے نمایاں کردار ادا کیا۔ نوجوان کھلاڑی نے میچ کے 10ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی اور حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔گول کرنے کے فوراً بعد لامین یامال میدان میں گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور سجدۂ شکر ادا کیا۔ ان کا یہ جذباتی اور عاجزانہ انداز اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں فٹبال کے مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔میچ کے بعد سوشل میڈیا پر اس لمحے کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ صارفین نے نوجوان فٹبالر کے جذبۂ شکرگزاری کو سراہتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ کے یادگار ترین لمحات میں شمار کیا۔
فٹبال حلقوں میں بھی لامین یامال کی کارکردگی اور ان کے طرزِ عمل کو خوب پذیرائی ملی۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ میدان میں بہترین کھیل کے ساتھ عاجزی اور شکرگزاری کا اظہار نوجوان کھلاڑی کے مثبت کردار کی عکاسی کرتا ہے۔لامین یامال کی یہ تصویر اور ویڈیو اب ورلڈ کپ کے نمایاں لمحات میں شامل ہو چکی ہے اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔