ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے سلسلے میں تہران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعلیٰ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور امریکا ایران کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے، جو پہلے سے ایران میں موجود ہیں اور مختلف سفارتی و سکیورٹی امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی، جس میں مغربی ایشیا کی سکیورٹی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی راستوں پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں حالات حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ادھر امریکی جنگ بندی تجاویز پر ایران کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے باعث اس سفارتی سرگرمی کو مزید اہم قرار دیا جا رہا ہے۔