کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون مصباح کے قتل کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر سلمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر نامزد اور نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 12 جون کو سرجانی ٹاؤن سیکٹر 11-D میں پیش آیا تھا، جہاں مصباح کو اس کے والدین کے گھر کے اندر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ تھا۔تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم سلمان نے مبینہ طور پر اپنے چار نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مقتولہ کے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مصباح موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد ابوبکر کی مدعیت میں سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس میں شوہر سلمان اور اس کے چار نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔حکام نے بتایا کہ ابتدائی شواہد اور بیانات کی روشنی میں کیس کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے اور جلد دیگر ملوث افراد تک بھی پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیس کو میرٹ پر مکمل تحقیقات کے بعد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔