مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سرجانی ٹاؤن کی یوسی 38 اور 39 میں سیوریج نظام کی بحالی، پیور بلاکس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے منشور کے مطابق عوام کے لیے یہ منصوبے مکمل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوسی 38 اور 39 میں سیوریج لائنوں کی اپ گریڈیشن، مرمت اور بحالی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔مئیر کراچی نے کہا کہ انہوں نے صرف اعلان نہیں کیا بلکہ عملی کام بھی کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا گیا ہے، جو پہلے درہم برہم تھا۔ یوسف گوٹھ کے رہائیشیوں کو بھی یقین دلایا کہ 2020 کی بارش میں ہونے والی تباہی کے بعد، یوسف گوٹھ میں کام کروایا گیا ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کو حالیہ بارش میں محفوظ رکھا گیا۔
مزید برآں، مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ وہ اپنے پمپنگ اسٹیشنز کو سولرائز کرنے کا عمل شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے ملیر اور گڈاپ میں دو پمپنگ اسٹیشنز کو سولر سے چلانے کا آغاز کیا ہے، جس سے 54 گوٹھز کو پانی کی فراہمی بہتر ہوئی ہے۔ گلشن میں پانی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھی کام جاری ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ماہانہ 24 کروڑ روپے کے ایم سی کے بل خود ادا کر رہے ہیں، اور بجٹ میں قبرستان کے لیے چند سو ملین روپے مختص کیے ہیں۔ گٹر کے ڈھکن بھی ضرورت کے مطابق بنائے جا رہے ہیں تاکہ شہری سہولت حاصل کر سکیں۔