لاہور میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف آج جنرل ہولڈ اپ، سی ٹی او کا بڑا اعلان

لاہور میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف آج جنرل ہولڈ اپ، سی ٹی او کا بڑا اعلان

لاہور میں ٹریفک قوانین پر سختی کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)سید عبدالرحیم شیرازی نے آج شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق بغیر ہیلمٹ کسی بھی موٹرسائیکل سوار کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس مقصد کے لیے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ رواں سال لاہور میں ہونے والے 139 مہلک ٹریفک حادثات میں 96 موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سر پر لگنے والی چوٹیں اموات کی سب سے بڑی وجہ ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جان لیوا حادثات میں 73 فیصد موٹرسائیکل سوار متاثر ہوتے ہیں، اسی لیے ان کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ ان کے مطابق ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے کیسز میں 40 فیصد تک کمی آئی ہے، تاہم مزید بہتری کی ضرورت ہے۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں رجسٹرڈ 82 لاکھ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں، جس کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی موٹرسائیکل سواروں کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہنیں اور لین لائن ڈسپلن کی پابندی کریں، کیونکہ محفوظ ڈرائیونگ ہی حادثات سے بچاؤ کی مؤثر ضمانت ہے۔