لاہور میں ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اطہر وحید نے تمام ٹریفک وارڈنز کو دو دن کی ڈیڈ لائن دے دی ہے کہ پیر سے شہر میں کوئی بھی موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ نظر نہ آئے۔سی ٹی او اطہر وحید کی جانب سے جاری کردہ وائرلیس پیغام میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف عام شہری بلکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اگر بغیر ہیلمٹ یا بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر سوار پائے گئے تو ان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔احکامات کے مطابق، ٹریفک پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اہلکاروں کو ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کے استعمال کی سختی سے تلقین کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، جو وارڈن اپنے علاقے میں اس قانون پر عملدرآمد نہیں کرائے گا، اس کی ایک سال کی ملازمت ضبط کر لی جائے گی۔
یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے حالیہ جان لیوا حادثات کے بعد دیے گئے احکامات کی روشنی میں لیا گیا ہے، جس میں انہوں نے شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کی لازمی پابندی پر زور دیا۔سی ٹی او اطہر وحید کا کہنا ہے کہ اگلے دو دنوں میں تمام شہریوں کو اس بارے میں آگاہی دی جائے گی، جس کے بعد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔