گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ ،عبدالعلیم خان نے بلاول کی پیشکش قبول کر لی

 بلاول بھٹو سے خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی ‘تمام معاملات طے کر لئے گئے ہیں:عبدالعلیم خان‘گلگت بلتستان کے 30 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کو منالیا، گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش قبول کر لی، استحکام پاکستان پارٹی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیگی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ٹیلیفونک رابط  ہوا جس مین انہوں نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی گلگت بلتستان میں مختلف عہدوں کے لئے عبدالعلیم خان سے حمایت کے بارے گفتگو ہوئی۔عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش قبول کر لی، استحکام پاکستان پارٹی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیگی۔صدر آئی پی پی نے کہا  گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ، سپیکر اور دیگر عہدوں پر انتخاب کے لئے پی پی پی کا ساتھ دینگے، وزیر اعلیٰ، سپیکر اور دیگر عہدوں پر بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلاول بھٹو سے خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی اورتمام معاملات طے کر لئے گئے ہیں۔ دریں اثناء گلگت بلتستان اسمبلی کے 30 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔پیپلز پارٹی کے 13، ن لیگ کے 9 ارکان نے حلف اٹھایا، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے 6 اور ایم ڈبلیو ایم کے ایک رکن نے حلف اٹھایا۔