گلگت بلتستان حکومت 100 روزہ ترقیاتی پلان تیار کرے:بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس گلگت بلتستان میں اہم اجلاس
حقِ ملکیت باریقانون سازی پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں:رہنمائوں کو ہدایات
 گلگت (خصوصی رپورٹ)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کی نومنتخب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 100 روزہ پلان تیار کیا جائے اور عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہائوس گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران جاری کیں۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے پہلے گورنر قمر زمان کائرہ، نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ اوردیگر پارٹی رہنما و عہدیدار بھی موجود تھے۔اجلاس میں پارٹی عہدیداروں نیچیئرمین پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں انتظامی امور کو مزید مئوثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں ، ترقی کیلئے 100 روزہ جامع منصوبہ تیار کر کے مقررہ مدت کے بعد اس پر عملدرآمد کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی پر مئوثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور حقِ حاکمیت کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی فوری طور پر گرائونڈ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔