پیپلز پارٹی گلگت بلتستان الیکشن جیت گئی‘پی ٹی آئی نے نتائج مستردکردیئے جیالوں کو مبارکباد‘حکومت بنانے کی کوشش کریں گے :بلاول بھٹو

 24 میں سے 21 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے ‘9نشستوں پرپیپلز پارٹی‘ 4 سیٹوں پر مسلم لیگ ن، ایک نشست  پر مجلس وحدت مسلمین کا امیدوار اور 7 نشستوں  پر آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے
ہم اسے جعلی اور دھاندلی زدہ انتخابات قرار دیتے ہیں، حلف والے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر‘چلاس میں انتخابی نتائج میں تاخیر پر ڈی آر او آفس کے باہر احتجاج،پولیس کی  شیلنگ 
گلگت‘اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے  انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 9 نشستیں جیت لیں۔ 24 میں سے 21 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں، جس میں 4 سیٹوں پر مسلم لیگ ن، 1 پر مجلس وحدت مسلمین اور 7 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے اب تک کے غیر حتمی نتائج سامنے  آنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے  جی بی میں تیر کی بارش ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان  میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے، ہم حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ عوام کے اعتماد پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے دھاندلی کیخلاف احتجاج اور وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کردیا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  ہم اسے جعلی اور دھاندلی زدہ انتخابات قرار دیتے ہیں، حلف والے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے۔گلگت بلتستان کے حلقہ  جی بی اے ۔18 تانگیر میں مسلم لیگ (ن) کے  رہنما ملک کفایت الرحمن کی فتح ریلی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر سابق وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے حامیوں کی جانب سے ن لیگ کی ریلی پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق  جی بی اے15،جی بی اے16،جی بی اے17 اور جی بی اے18کے نتائج میں تاخیر پر ڈی آر او آفس کے باہر آزاد امیدوار اور انکے حامیوں نے احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے شیلنگ کی، امیدوار کا موقف ہے کہ نتائج میں تاخیر انتخابات کو مشکوک بنارہی ہے