وزیراعظم دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرائیں عو ام تیر پر مہر لگائیں‘گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر دکھائوں گا بلاول بھٹو

مودی آبی جارحیت کر رہا ہے‘ گلگت بلتستان کے گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، بدقسمتی سے  9سیٹیں چھین لی گئی تھیں‘پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، 7 جون کوعوام کی طاقت سے جیتیں گے
صدرزرداری کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی گئی ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم بن چکا ہوتا، صدرزرداری 18ویں ترمیم نہ کرتے تو یہ موٹروے وغیرہ نہیں بنا سکتے تھے‘آصف زرداری سی پیک نہ لاتے تو تم کہاں سے اورنج لائن  ٹرین بناتے
 آنے والے بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کریں گے‘ پاکستان کو ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے:چیئرمین پی پی کا چلاس میں انتخابی جلسہ سے خطاب
چلاس(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مودی آبی جارحیت کررہا، وفاق دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرے۔گلگت بلتستان کے علاقے چلاس کی فٹ بال گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پچھلی دفعہ بھی الیکشن مہم کے دوران چلاس آیا تھا، گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، بدقسمتی سے ہم سے 9سیٹیں چھین لی گئی تھیں۔اْنہوں نے کہا کہ غریب دشمن منشور رکھنے والی جماعتیں الیکشن کو منیج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، سات جون کوعوام کی طاقت سے جیتیں گے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سات جون کو جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے، عوام تیر پر مہر لگائیں میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، چلاس کے لوگوں سے ہمارا تین نسلوں کا ساتھ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ نے  آمروں کو للکارا تھا اور تاریخ رقم کی تھی، وہ غریبوں کی آواز تھیں، سازشی عناصر نے اْنھیں بھی شہید کرا دیا۔اْن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کو بحال کیا، صدر آصف زرداری نے روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے پرعملی طور پر کام کیا، آنے والے بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کریں گے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ سات جون کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے، ہم عوام سے کیے وعدوں کو پورا کریں گے، وفاق سے کہتا ہوں دیامر بھاشا ڈیم مکمل کرو، نریندر مودی حکومت آبی جارحیت کر رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف صاحب! ہم نے لاہور سپیڈ کا سنا ہے، شہباز شریف دیامر کی عوام کو شہباز سپیڈ دکھائے، وفاق سے مطالبہ ہے  پہلے دیامر بھاشا ڈیم مکمل کیا جائے۔اْنہوں نے کہا  صدرزرداری کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی گئی ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم بن چکا ہوتا، صدرزرداری 18ویں ترمیم نہ کرتے تو یہ موٹروے وغیرہ نہیں بنا سکتے تھے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد ہی پی ایس ڈی پی سے کسی اور منصوبے کے لیے اینٹ لگائی جائے، ایٹم بم اور میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ پیپلز پارٹی نے دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمر کے دور میں فوجی اڈوں کی اجازت دی گئی تھی، ایک قیدی 420 کہتا ہے کہ اس نے ایبسولیٹلی ناٹ کہا تھا، تم نے ایبسولیٹلی ناٹ کس چیز کا کہا؟ مشرف حکومت کے بعد مرد حر کی حکومت تھی جس نے ایک لات مار کر تمام بیسز بند کیے تھے۔ پیپلز پارٹی کا تیسرا بڑا کارنامہ فوجی اڈوں کو بند کرنا تھا، یہ بہادری صرف پیپلزپارٹی نے دکھائی تھی، ہنری کسینجر نے شہید بھٹو کو کہا تھا ایٹم بم نہ بنائیں، شہید بھٹو نے جان کی قربانی دیدی مگر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا  آج بھی پاکستان کو ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے۔ صدر آصف علی زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی، جس نے ملک میں ترقی اور انفراسٹرکچر کے نئے دروازے کھولے۔ اگر  سی پیک نہ لایا  جاتا تو آپ اورنج ٹرین کہاں سے بناتے ۔ انہوں نے  کہا  بعض سیاسی جماعتیں عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جبکہ کچھ عناصر انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔