حلقہ جی بی اے 23 سے کامیاب امیدوار انور علی‘ جی بی اے 24 سے اسد شفیق ‘جی بی اے 21 سے امان علی عامر اور جی بی اے 15 سے دل پذیر خان استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بن گئے
اسلام آباد( آن لائن ) گلگت بلتستان کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چار آزاد اراکین نے باضابطہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ شمولیت کا اعلان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 23 سے کامیاب آزاد امیدوار انور علی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اسی طرح جی بی اے 24 سے منتخب آزاد امیدوار اسد شفیق نے بھی آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔مزید برآں، جی بی اے 21 سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے امان علی عامر اور جی بی اے 15 سے منتخب آزاد امیدوار دل پذیر خان بھی استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔چاروں اراکین نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کے دوران پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت اور گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد اراکین کی شمولیت سے گلگت بلتستان میں استحکام پاکستان پارٹی کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسمبلی میں پارٹی کے اثر و رسوخ میں بھی اضافہ ہوگا۔ پارٹی قیادت نے نئے شامل ہونے والے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے خطے میں ترقیاتی اور عوامی فلاحی اقدامات کو مزید فروغ ملے گا۔